اپنی ناقص کارکردگی کے باعث ٹیم سے باہر ہونے والے قومی کرکٹر فہیم اشرف نے ٹیم میں واپسی کے لیے پر تولنا شروع کر دیئے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ میں اسلام یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے فہیم اشرف نے پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ پی ایس ایل میں شاندار کارکردگی دکھا کر قومی ٹیم کا حصہ بننے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ اسلام یونائیٹڈ نے ایک پریس کانفرنس میں شاداب خان کو آئندہ سیزن میں کپتانی سونپنے کا اعلان کیا گیا اور اسی پریس کانفرنس میں فہیم اشرف نے اپنے مستقبل کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔ آل راؤنڈر فہیم اشرف نے اپنے دو اہداف بتاتے ہوئے کہا کہ وہ بھرپور تیاری کے ساتھ پی ایس ایل کھیلیں گے تا کہ قومی ٹیم میں واپسی ممکن ہو اور اس سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے اسکواڈ کا حصہ ہوں۔ فہیم اشرف نے مزید کہا کہ پی ایس ایل نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ہمیشہ سے ہی قومی ٹیم میں جانے کا راستہ ثابت ہوتی ہے اسی لیے میں پی ایس ایل کھیلنے کے لیے پرجوش ہوں۔ دوسری جانب آل راؤنڈر نے کہا کہ پی ایس ایل کا پاکستان میں مکمل انعقاد ہونے جا رہا ہے جو کہ خوش آئند بات ہے، اس ایونٹ کو یادگار اور کامیاب بنانے کے لیے تمام ہی کھلاڑی پرجوش ہیں۔