فاسٹ بولر حارث رؤف بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کر رہے تھے جہاں انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بنگلہ دیش کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حارث رأف کا انتخاب کیا گیا جس وجہ سے انہیں سیریز کھیلنے کیلئے ایونٹ کے دوران پاکستان واپس آنا پڑا اور وہ سیریز کے بعد دوبارہ میلبرن اسٹارز کی ٹیم کو جوائن کریں گے۔ میلبرن اسٹارز کے کوچ ڈیوڈ ہسی کا فاسٹ بولر کے حوالے سے کہنا ہے کہ حارث رؤف نے اب تک جس قسم کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے مجھے امید ہے وہ پاکستان کی جانب سے 100 ٹیسٹ میچز کھیل سکتے ہیں۔ ڈیوڈ ہسی کے مطابق حارث رؤف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کرکٹ میں بھی پاکستان کی لمبے عرصے تک نمائندگی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حارث رؤف کی وجہ سے میلبرن اسٹارز کی ٹیم مزید مضبوط ہو گئی تھی۔ ڈیوڈ ہسی نے مزید کہا کہ مجھے خوشی ہے حارث رؤف نے بگ بیش لیگ میں پرفارم کر کے پاکستان ٹیم میں جگہ بنائی۔