آسٹریلیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے متاثر ہونے والے افراد کی مدد کے لیے کرکٹ آسٹریلیا نے ایک امدادی میچ کروانے کا اعلان کر رکھا ہے جو کہ 8 فروری کو کھیلا جائے گا۔ امدادی میچ میں آسٹریلوی کرکٹرز کے علاوہ غیرملکی کرکٹرز بھی حصہ لیں گے۔ وسیم اکرم اور یووراج سنگھ اس میچ کا حصہ بننے والے پہلے دو غیرملکی کرکٹرز ہیں۔
پاکستان کے سابق کپتان اور 1992 ورلڈکپ کی فاتح ٹیم کے رکن وسیم اکرم نے اس امدادی میچ میں شرکت کی خوہش ظاہر کی تھی۔ انہوں نے اس نیک مقصد کے لیے چند بلوں اور گیندوں پر دستخط کیے تا کہ وہ مہنگے داموں نیلام ہو سکیں اور اس سے اکٹھے ہونے والی رقم متاثرین کو دی جا سکے۔
اس امدادی میچ میں شین واٹسن، ایڈم گلکرسٹ، بریٹ لی، شین وارن، رکی پونٹنگ اور دیگر سابق آسٹریلوی کرکٹرز بھی حصہ لیں گے۔ ایک ٹیم کی قیادت رکی پونٹنگ جبکہ دوسری ٹیم کی قیادت شین وارن کریں گے۔