Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
View All Matches

پاکستان سپر لیگ 2020 کا میلہ سجنے کو تیار ہے۔ اس سلسلے کا آغاز ایونٹ کے آفیشل ترانے سے کیا گیا۔ پی ایس ایل کے اس ترانے کو لانچ کرنے کے لیے لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ہر مرتبہ کی طرح پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کے لیے بھی آفیشل ترانے کو منفرد نام دیا گیا۔
پی ایس ایل کے ترانے "تیار ہیں" کو یوٹیوب چینل پر بھی سنا اور دیکھا جاسکتا ہے۔ ایونٹ سے قبل اور میچز کے دوران وینیوز پر آٰفیشل ترانہ "تیار ہیں" مسلسل بجایا جاتا رہے گا۔ ترانے کی لانچنگ تقریب میں 6 فرنچائزز، اسپانسرز، میڈیا اور پی سی بی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
اس ترانے کی موسیقی میں تنبا، چمٹا، رباب اور ہارمونیم سمیت کل 22 سازوں کا استعمال کیا گیا ہے۔ "تیار ہیں" ترانے کی جاری کردہ ویڈیو میں قومی اسٹار کرکٹرز بابر اعظم، حسن علی، رومان رئیس، سرفراز احمد، شان مسعود اور شاہین شاہ آفریدی بھی جلوہ گر ہوئے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے تقریب میں کہا کہ اس آفیشل گانے کے ساتھ پی ایس ایل فائیو کی مارکیٹنگ مہم کا آغاز ہو گیا ہے، تقریب کے کامیاب انعقاد سے واضح ہو گیا کہ ایونٹ میں شریک تمام اسٹیک ہولڈرز ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور امید ہے کہ لیگ کا آئندہ ایڈیشن کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کرے گا۔