قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ اگر آئی پی ایل اور پی ایس ایل کی ٹیموں کے درمیان میچز ہوں تو پاکستان سپر لیگ کی ٹیم فاتح ہو گی۔ اب اسلام آباد یونائیٹڈ نے بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان فرنچائز کرکٹ کی حمایت کر دی ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے کہا کہ دونوں ملکوں کی فرنچائزز کے درمیان میچز ہونے چاہیئں مگر ہم سب جانتے ہیں کہ میچز کس وجہ سے نہیں ہو پاتے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک نے بتایا کہ ان کی ممبئی انڈینز کے مالکان سے ملاقات ہوئی اور دونوں لیگز کے بارے میں طویل بات چیت بھی ہوئی تھی۔ علی نقوی نے کہا کہ غیرملکی کھلاڑی کہتے ہیں کہ پی ایس ایل میں آئی پی ایل سے زیادہ کوالٹی کرکٹ ہوتی ہے اس لیے میرے خیال میں شاید ہمارا پلڑا بھاری ہے۔