ویسٹ انڈیز کی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان کیرون پولارڈ کا رواں سال انگلینڈ میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ ٹورنامنٹ کیلئے نارتھیمپٹن شائر کی ٹیم سے معاہدہ ہو گیا ہے۔ کیرون پولارڈ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ 2020 میں نارتھیمپٹن شائر کی جانب سے آٹھ میچز کھیلیں گے۔ کیرون پولارڈ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کا حصہ بننا ان کیلئے ایک بہترین موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ نارتھیمپٹن شائر نے مجھے ٹیم میں شامل کیا اس کیلئے میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کوشش کروں گا اپنی پرفارمنس سے ٹیم کے فینز کو لطف اندوز کروں۔ کیرون پولارڈ اب تک 499 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔ وہ دنیا میں سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 499 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 9966 رنز اسکور کیے ہیں۔ نارتھیمپٹن شائر کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں اپنی مہم کا آغاز 29 مئی کو لنکاشائر کیخلاف میچ سے کرے گی۔