پاکستان کے فاسٹ باؤلر اعزاز چیمہ نے اپنے ایک انٹرویو میں پاکستان کی طرف سے زیادہ انٹرنیشنل کرکٹ نہ کھیلنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پاکستان کی طرف سے مزید انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنی چاہیئے تھی۔ فاسٹ باؤلر نے کہا کہ ایشیاء کپ کی فتح میں میرا اہم کردار ہونے کے باوجود مجھے ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے قائد اعظم ٹرافی کے پچھلے چار ایڈیشنز میں شاندار کارکردگی دکھائی لیکن پھر بھی مجھے ٹیم سے دور رکھا گیا جس وجہ سے میں بہت افسردہ ہوا۔ اعزاز چیمہ نے قائد اعظم ٹرافی 20-2019 کے اختتام پر فرسٹ کلاس کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔ انہوں نے 2001 میں ڈیبیو کے بعد سے کرکٹ کے طویل فارمیٹ میں 140 میچز کھیلے اور 20 کی شاندار اوسط سے 572 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ ایک اننگز میں 38 مرتبہ پانچ وکٹیں اور 11 مرتبہ دس وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔