پی ایس ایل کی فرنچائز پشاور زلمی نے سیزن فائیو کے لیے اپنی آفیشل پلئینگ کٹ کی رونمائی کر دی ہے جبکہ فرنچائز کے آفیشل ترانے کی جھلکیاں بھی جاری کر دی ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے بعد پشاور زلمی نے بھی دو کِٹس تیار کی ہیں۔ سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی کِٹس کی شائقین بھی تعریف کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
پی ایس ایل فائیو کے لیے پشاور زلمی کے آفیشل ترانے میں فرنچائز کے اسٹار کرکٹرز کامران اکمل، حسن علی، وہاب ریاض اور امام الحق کے علاوہ شوبز اسٹارز مہوش حیات اور ہانیہ عامر بھی جلوہ گر ہوئیں۔
پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے مداحوں کے جوش کو بڑھاتے ہوئے ٹویٹر پر لکھا کیا کہ پی ایس ایل فائیو کے لیے پشاور زلمی کا گانا پشتو کی ایسی منفرد دھن میں بنایا گیا ہے جو اس سے قبل کبھی نہیں سنا گیا، یہ ترانہ پی ایس ایل فائیو میں مداحوں کے دل کی دھڑکن اور زبان پر ہو گا۔