پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم بہترین پرفارمنس کا عزم لیے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے آسٹریلیا روانہ ہو گئی۔ قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شاندار پرفارمنس کا عزم ظاہر کر دیا۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بسعہ معروف نے اپنی تیاریوں کو مکمل اور بولنگ کو ٹیم طاقت قرار دے دیا۔ بسمہ معروف نے کہا کہ ابھی تک بولنگ ہی ہماری طاقت رہی ہے لیکن ہماری بیٹنگ میں بھی کافی بہتری آئی ہے، پلیئرز کی طرف سے میچ وننگ پرفارمنس بھی سامنے آئی ہیں، میرے خیال میں اس مرتبہ بیٹنگ اور بولنگ دونوں ہی متوازن ہیں اور میچ جیتنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم دونوں چیزوں پر توجہ دیں۔ ویمن ٹیم کی کپتان نے ثناء میر کے حوالے سے کہا کہ بحیثت کپتان میں ان کو اپنی ٹیم میں لینا چاہتی تھی، ہماری اس حوالے سے بہت زیادہ بات چیت ہوئی ہے لیکن فائنل فیصلہ سلیکٹرز کا تھا اور انھوں نے پریس کانفرنس میں آپ لوگوں کو وجہ بھی بتادی ہے۔