پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کے مالکان نے لاہور میں ایک ہائی پرفارمنس سینٹر کا افتتاح کیا جہاں تجربہ کار کوچز کی نگرانی میں نوجوان کرکٹرز کو مستقبل کیلئے تیار کیا جائے گا۔ ایک تقریب میں لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا نے اعلان کیا کہ لاہور کے بعد اب کراچی میں بھی کرکٹ اکیڈمی بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز صرف لاہور کی ٹیم نہیں ہے، ہم پورے پاکستان میں کرکٹ کی بہتری چاہتے ہیں۔ اس موقع پر معروف سیاسی شخصیت خلیل احمد نینی تال والا نے لاہور قلندرز کو کراچی میں اکیڈمی کے قیام کے لیے اپنا گراؤنڈ دینے کا بھی اعلان کیا۔
عاطف رانا کہتے ہیں کہ ہائی پرفارمنس سینٹر بنانے کے بعد بھی پورے سال ملک کے مختلف شہروں میں ٹرائلز کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ عاطف رانا اس مرتبہ لاہور قلندرز کی کامیابی کیلئے بہت پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل فائیو میں لاہور قلندرز کی ٹیم ضرور کامیابی حاصل کرے گی۔