پاکستان ٹیم کے بیٹسمین عمر اکمل اور اسکینڈل کا ساتھ بہت پرانا اور گہرا ہے۔ بیٹسمین بار بار سزا کے باوجود اسکینڈلز اور اوچھی حرکتوں سے جان نہیں چھڑا پا رہے۔ ذرائع کے مطابق عمر اکمل فٹنس ٹیسٹ کے موجودہ معیار پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے غصے میں آ گئے اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے عملے کے سامنے شرٹ اتار کر پھینکی اور کہا کہ بتائیں چربی کہاں ہے؟ پاکستان کرکٹ بورڈ عمر اکمل کی اس حرکت سے سخت ناراض ہے۔ پی سی بی ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا سوچ رہا ہے۔ عمر اکمل کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا جا سکتا ہے۔ ان کی جانب سے ایک اور حرکت ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ان کا کیس کمزور کر سکتی ہے۔ وہ پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے۔