پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سوال و جواب کا ایک سیشن کیا جس میں ان سے کئی سوالات پوچھے گئے۔ کامران اکمل نے بتایا کہ توفیق عمر، محمد حفیظ اور شعیب ملک ان کے اچھے دوست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے خوشی کا سب سے بڑا لمحہ وہ تھا جب مجھے پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملا اور جب میری والدہ کا انتقال ہوا تو وہ میرے لیے سب سے غمگین لمحہ تھا۔
وکٹ کیپر نے بتایا کہ بالی ووڈ میں امیتابھ بچن، عامر خان، شاہ رخ خان اور سلمان خان ان کے پسندیدہ اداکار ہیں۔ ان کے مطابق بھارتی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے ساتھ ان کے اچھے تعلقات ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کو اپنا پسندیدہ فارمیٹ جبکہ پُل شاٹ کو اپنی پسندیدہ شاٹ قرار دیا۔
کامران اکمل نے بتایا کہ کرکٹ کیریئر میں ابھی تک جو میچ ہارنے کا بہت زیادہ دکھ ہے وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2010 کا آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل ہے۔ انہوں نے راجستھان رائلز کی طرف سے کھیلتے ہوئے آئی پی ایل 2007 کا ٹائٹل جیتا تھا اور اسے اپنے آئی پی ایل کیریئر کا بہترین لمحہ قرار دیا۔