ویرات کوہلی کی قیادت میں بھارتی ٹیم تینوں فارمیٹس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ خاص طور پر ویرات کوہلی کے قیادت سنبھالنے کے بعد طویل دورانیے کی کرکٹ میں بھارتی ٹیم نے بڑی کامیابیاں اپنے نام کی ہیں۔ بھارتی کمینٹیٹر سنجے منجریکر نے ویرات کوہلی کا سابق کپتان عمران خان سے موازانہ کرنا شروع کر دیا ہے۔ سنجے منجریکر کا کہنا ہے کہ ویرات کوہلی کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے نیوزی لینڈ میں جس طرح پرفارم کیا اسے دیکھ کر پاکستانی کپتان عمران خان کی یاد آ گئی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی ٹیم ہارے ہوئے میچ جیت جایا کرتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا صرف اس وقت ہی ہوتا ہے جب کپتان کو خود کی اور اپنی ٹیم کی صلاحیتوں پر بھروسہ ہو۔ سنجے منجریکر نے مزید کہا کہ ویرات کوہلی بھی آخری گیند تک ہار نہیں مانتے اور میچ جیتنے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔