پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 7 فروری سے راولپنڈی میں شروع ہو گا۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ رسل ڈومینگو پاکستان کے خلاف پنڈی ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
رسل ڈومینگو کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حال ہی میں بنگلہ دیش نے طویل دورانیے کی کرکٹ میں اچھا پرفارم نہیں کیا ہے اور پاکستان کیخلاف ان کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنا آسان نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے منصوبہ بندی کے تحت پرفارم کیا اور بھارت کے خلاف گزشتہ سیریز میں جو غلطیاں کی تھیں وہ نہ دہرائیں تو پنڈی ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کی ٹیم پاکستان کیلئے مشکل کھڑی کر سکتی ہے۔
بنگلہ دیشی ٹیم کے ہیڈکوچ نے کہا کہ پاکستان ٹیم کا بھی برا دن ہو سکتا اور اسی کا فائدہ اٹھا کے ہمیں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔ ان کے مطابق غیرملکی ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے قبل کنڈیشنز کو سمجھنے کے لیے وہاں پریکٹس میچز کھیلنے ضروری ہوتے ہیں لیکن ہماری مجبوری ہے کہ پاکستان پہلے نہیں جا سکتے۔