پاکستان کے بیٹسمین عمر اکمل کے حوالے سے ایک خبر سامنے آئی کہ فٹنس ٹیسٹ میں فیل ہونے کے بعد انہوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) کے عملے کے سامنے اپنی شرٹ اتار دی اور ان سے استفسار کیا کہ بتاؤ میرے جسم پر چربی کہاں ہے؟ عمر اکمل کے اس رویے پر پاکستان کرکٹ بورڈ ان کے خلاف سخت ایکشن لینے کا سوچ رہا ہے۔ اس صورتحال میں کامران اکمل اپنے چھوٹے بھائی کے دفاع میں سامنے آ گئے ہیں۔ کامران اکمل نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا ایسا کچھ ہوا ہے، اگر ایسا ہی کچھ ہوا تو پھر دونوں فریقوں کو طلب کیا جانا چاہیئے اور مجھے یقین ہے کہ ان کے درمیان کوئی بحث نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرینر اور عمر اچھے دوست ہیں، دونوں نے ایک ہی اسکول میں تعلیم حاصل کی، اگر عمر اکمل نے کچھ غلط کیا ہے تو وہ معافی مانگ سکتا ہے لیکن مجھے نہیں لگتا اس نے جان بوجھ کر کچھ کیا ہے۔