پاکستان کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے گزشتہ سال ستمبر میں اعلان کیا تھا کہ وہ کچھ عرصے کیلئے ٹیسٹ کرکٹ سے الگ ہو رہے ہیں کیونکہ ان کا جسم کرکٹ کے طویل فارمیٹ کے لیے فی الحال فٹ نہیں ہے۔ ان سے قبل محمد عامر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے تھے۔ وہاب ریاض کے فیصلے کے بعد پاکستانی شائقین کرکٹ کا پارہ ہائی ہو گیا کہ ایک کے بعد ایک سینیئر باؤلر ٹیسٹ ٹیم کو مشکل میں ڈالتا جا رہا ہے۔ وہاب ریاض نے اپنے فیصلے کے حوالے سے ایک بار پھر وضاحت جاری کی ہے کیونکہ شائقین کرکٹ کا خیال ہے کہ وہ بھی ٹیسٹ کرکٹ سے الگ ہو چکے ہیں۔ وہاب ریاض نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ میں نے ریٹائرمنٹ نہیں بلکہ بریک لی ہے، پاکستان کے لیے اس وقت تک کھیلتا رہوں گا جب تک فٹنس اور جذبہ موجود ہے۔ فاسٹ باؤلر نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے حوالے سے کہا کہ وہ پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشن میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پی ایس ایل میں ہم دنیا کو پیغام دیں گے کہ پاکستان تمام کھیلوں کے لیے محفوظ ملک ہے۔