کرکٹ آسٹریلیا نے اعلان کیا ہے کہ بش فائر کرکٹ بیش کا امدادی میچ سڈنی میں نہیں بلکہ میلبرن میں کھیلا جائے گا۔ انتظامیہ کے مطابق امدادی میچ 8 فروری کو سڈنی میں شیڈول تھا لیکن خراب موسم کی وجہ سے میچ کو ملیبرن منتقل کرنا پڑا جو کہ اب 9 فروری کو کھیلا جائے گا۔
جن دو ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا جائے گا اس میں سے ایک ٹیم کی قیادت رکی پونٹنگ کریں گے جبکہ دوسری ٹیم کی کمان شین وارن کے سپرد کی گئی تھی۔ شین وارن کچھ وجوہات کی وجہ سے اس میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے اور ان کی جگہ ایڈم گلکرسٹ ٹیم کے کپتان ہوں گے۔
اس میچ کی ایک اننگز 10 اوورز پر مشتمل ہو گی۔ امدادی میچ میں پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم، بھارت کے سابق کرکٹرز سچن ٹنڈولکر اور یووراج، ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری سابق کھلاڑی برائن لارا اور کرٹنے والش بھی میچ میں حصہ لیں گے۔
اس میچ سے ہونے والی آمدنی ان افراد کو دی جائے گی جو آسٹریلیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے متاثر ہوئے۔