چیئرمین پی سی بی احسان مانی بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں شرکت کے لیے پشاور گئے تھے جہاں انھوں نے ارباب نیاز اسٹیڈیم کا دورہ بھی کیا۔ احسان مانی نے اسٹیڈیم کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اور انھیں اس حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے احسان مانی نے کہا کہ خواہش ہے اگلی پی ایس ایل سے قبل اسٹیڈیم تیار ہو جائے۔ چیئرمین پی سی بی نے اعلان کیا کہ اسی اسٹیڈیم میں نیشنل اکیڈمی بھی تعمیر کریں گے تاکہ مقامی کھلاڑیوں کو باہر نہ جانا پڑے۔ انھوں نے کہا کہ پشاور کی نیشنل اکیڈمی پاکستان کی تیسری بڑی اکیڈمی ہو گی جبکہ کوئٹہ میں بھی اکیڈمی بنا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی اور لاہور میں میچز ہو رہے ہیں مگر ہم اس کا دائرہ دیگر شہروں میں بھی پھیلانا چاہتے ہیں اور امید ہے آنے والے برسوں میں ہم اس میں کامیاب ہو جائیں گے۔ پاکستان انڈر-19 ٹیم کا دفاع کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم ٹورنامنٹ میں اچھا کھیلی مگر سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم نے بہت اچھا کھیل پیش کیا۔