پشاور زلمی نے سندھی زبان میں اپنا ریجنل ترانہ جاری کر دیا ہے جس کی سندھ میں کافی پذیرائی ہوئی ہے۔ جاوید آفریدی نے ٹویٹر پر نیا سندھی گانا پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان سپر لیگ ایک بار پھر پورے پاکستان کو متحد کرے گی۔
چیئرمین پشاور زلمی نے کہا کہ پی ایس ایل کے لیے پشاور زلمی مکمل تیار ہے اور پورا یقین ہے کہ 21 فروری کو زلمی کے پہلے میچ میں کراچی اور پورے سندھ سے شائقین کرکٹ سپورٹ کرنے آئیں گے۔
انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل فائیو کا پاکستان میں مکمل انعقاد تاریخی ہو گا۔ سندھ سے تعلق رکھنے والے شائقین کرکٹ نے نئے گانے کی تعریف کی ہے۔
واضح رہے کہ پشاور زلمی اپنی کٹ کی رونمائی اور آفیشل ترانے کی جھلکیاں بھی جاری کر چکی ہے۔ پشاور زلمی پی ایس ایل میں اپنی مہم کا آغاز 21 فروری کو کراچی کے خلاف اسی کے ہوم گراؤنڈ پر کرے گی۔