بنگلہ دیش کے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان محمود اللہ دورہ پاکستان کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن نظر آئے تھے اور ان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مومن الحق کو بھی پاکستان میں کوئی سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں ہے۔ پہلے ٹیسٹ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے مومن الحق نے کہا کہ پاکستان میں ہمارے لیے جس طرح کے انتظامات کیے گئے ہیں اس سے ہم بالکل مطمئن ہیں۔ بنگلہ دیشی کپتان نے کہا کہ سینئیر پلئیرز کے بغیر کھیلنا آسان کام نہیں ہے، ظاہر ہے جب کوئی پلئیر ٹیم سے جاتا ہے تو اس کی کمی تو محسوس ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر ہرانا کوئی آسان کام نہیں ہے، پاکستان کی ٹیم اچھی ہے اور ان سے مقابلہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے بعد ہر میچ اہم ہے، ہم راولپنڈی ٹیسٹ جیت کر 60 پوائنٹس حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان 80 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم صفر پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر موجود ہے۔