Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
View All Matches

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز نے آج اپنے کپتان کا اعلان کرنا تھا لیکن شاہد آفریدی نے ایک دن پہلے ہی کپتان کا نام بتا کر فرنچائز کے پلان پر پانی پھیر دیا۔ گزشتہ روز ملتان سلطانز نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک مہم شروع کی کہ جو کپتان کا صحیح نام بتائے گا اس کو فرنچائز کی شرٹ انعام میں دی جائے گی۔
اس مہم کے شروع ہونے کے کچھ دیر بعد ہی شاہد آفریدی نے پوسٹ کی کہ بطور مینٹور اور کھلاڑی مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے کہ ملتان سلطانز شان مسعود کو کپتانی دے کر مقامی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر بھروسہ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شان مسعود اچھا بول لیتے ہیں اور فٹنس پر سمجھوتہ نہ کرنے کی وجہ سے مشہور ہیں، میری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں کہ وہ ہمیں پی ایس ایل فائیو کا ٹائٹل جتوائیں۔
فرنچائز کے مشترکہ مالک علی خان ترین نے کہا کہ شکریہ لالا! لیکن ہم کل اپنے کپتان کا اعلان کرنا چاہتے تھے۔ شاہد آفریدی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مجھ سے کنٹرول نہیں ہوا کیونکہ لوگ سلطانز کے کپتان کا نام جاننے کیلئے بیتاب تھے اس لیے میں نے سوچا کیوں نہ انہیں کچھ سکون پہنچا دیا جائے۔