پاکستان ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس پی ایس ایل کی نوکری سے فارغ ہو گئے۔ وقار یونس اس سال اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ منسلک نہیں ہوں گے۔ قومی ٹیم کے ہیڈکوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق پہلے ہی اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ ہیں۔
ذرائع کے مطابق مصباح الحق کی اسلام آباد یونائیٹڈ میں تقرری پر پہلے ہی فرنچائزز کو اعتراض ہے اسی وجہ سے اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسپن کنسلٹنٹ سعید اجمل ہی بولنگ کوچ کی ذمہ داری نبھائیں گے۔
وقار یونس کو 2017 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا بولنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا اور انھوں نے دو سال اسلام آباد یونائیٹڈ کی کوچنگ کی جس میں ایک مرتبہ ٹیم نے ٹائٹل جیتا۔ پاکستان سپر لیگ فائیو کا آغاز 20 فروری سے ہو رہا ہے اور پہلے ہی روز اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ایکشن میں نظر آئے گی۔