دورہ ساؤتھ افریقہ پر ٹیسٹ سیریز کے دوران انجری کا شکار ہونے والے فاسٹ باؤلر جوفرا آرچر پہلے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہوئے اس کے بعد وہ دورہ سری لنکا اور انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے اگلے ایڈیشن سے بھی آؤٹ ہو گئے۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) اعلان کر چکا ہے کہ جوفرا آرچر آئی پی ایل 2020 کا حصہ نہیں ہوں گے۔
ای سی بی کے واضح مؤقف کے باوجود راجستھان رائلز کے کوچ اینڈریو مکڈونلڈ پرامید ہیں کہ آئی پی ایل کے آغاز سے قبل جوفرا آرچر مکمل فٹ ہو جائیں گے اور ایونٹ میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کر رہے ہوں اور انجری ہو جائے تو اس سے بڑھ کر دکھ کسی چیز کا نہیں ہوتا۔
راجستھان رائلز کے کوچ نے کہا کہ میں جانتا ہوں آرچر آئی پی ایل میں کھیلنا چاہتے ہیں، وہ راجستھان کی طرف سے کھیلنا پسند کرتے ہیں۔ آئی پی ایل 2020 کا آغاز مارچ کے آخری یا اپریل کے ابتدائی ہفتے سے ہو گا۔