Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
View All Matches

بنگلہ دیش کے اوپننگ بیٹسمین تمیم اقبال پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے بعد ٹیسٹ ٹیم کے ہمراہ بھی پاکستان آئے۔ تمیم اقبال راولپنڈی میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 3 اور دوسری اننگز میں 34 رنز ہی بنا سکے۔
تیسرے روز کا کھیل ختم ہونے کے بعد تمیم اقبال پریس کانفرنس کرنے آئے تو انہوں نے تسلیم کیا کہ ہم اپنی صلاحیتوں کے مطابق نہیں کھیل پائے۔ تمیم اقبال نے کہا کہ میں سینیئر کھلاڑی ہوں، 34 اسکور کرنے کے بعد مجھے آؤٹ نہیں ہونا چاہیئے تھا۔
اس موقع پر بنگلہ دیش کے اوپننگ بیٹسمین نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی بھی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں پہلے دو ایڈیشنز میں پی ایس ایل کا حصہ رہ چکا ہوں، میرا ذاتی خیال ہے کہ پی ایس ایل میں کرکٹ کا معیار بہت اعلیٰ ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرنچائزز کے کام کرنے کا طریقہ بھی اچھا ہے اور ایونٹ کے دوران ماحول بہت زبردست ہوتا ہے۔ تمیم اقبال کا کہنا تھا کہ اگر بنگلہ دیشی ٹیم کی سیریز نہ ہوتی تو یقیناََ میں پی ایس ایل فائیو کا حصہ بننا پسند کرتا۔