پنڈی ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کے خلاف نسیم شاہ کی ریکارڈ ساز ہیٹ ٹرک کے بعد ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری سابق بیٹسمین اور پاکستان سپر لیگ کی دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور سر ویو رچرڈز نے نوجوان فاسٹ بولر کی خوب تعریف کی ہے۔
سر ویو رچرڈز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی محنت کو سراہا۔ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور کا کہنا ہے کہ انہیں اس ٹیم کا حصہ ہونے پر فخر ہے۔
انہوں نے نسیم شاہ اور محمد حسنین کا نام لیتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مسلسل نہ صرف ٹیلنٹ کو تلاش کر رہی ہے بلکہ نسیم شاہ اور محمد حسنین جیسے نوجوان کھلاڑیوں پر محنت بھی کر رہی ہے۔
نسیم شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کے سب سے کم عمر بولر ہیں جبکہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں یہ ریکارڈ محمد حسنین کو حاصل ہے۔ دونوں فاسٹ بولرز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کا حصہ ہیں۔