پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جانے والے راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی صرف 32 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ بنگلہ دیش ٹیم کے بولر ابو جید نے اظہر علی کو آؤٹ کرنے کے بعد زیادہ قریب جا کر نامناسب انداز میں جشن منایا جس وجہ سے آن فیلڈ امپائر نے انہیں باضابطہ وارننگ دی۔ مہمان ٹیم کے فاسٹ بولر ابو جید نے آئی سی سی کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کی اور آئی سی سی قوانین کے تحت انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا۔ واضح رہے کہ اگر کسی کھلاڑی 24 ماہ کے دوران چار ڈی میرٹ پوائنٹس مل جائیں تو اس کو معطلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ابو جید نے پاکستان کیخلاف پہلی اننگز میں 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جن میں عابد علی، اظہر علی اور بابر اعظم کی اہم وکٹیں شامل تھیں۔