پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم میں بطور مڈل آرڈر بیٹسمین کھیلنے والے بابر اعظم نے کرکٹ کے طویل فارمیٹ میں بھی رنز کے انبار لگانا شروع کر دیئے ہیں۔ بابر اعظم نے بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 143 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جو کہ ان کے ٹیسٹ کیریئر کا اب تک کا بہترین اسکور ہے۔ بابر اعظم کا بار بار موازنہ ویرات کوہلی سے ہونا کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن وہ لیجنڈری سابق بیٹسمین یونس خان کے مداح ہیں۔ قومی بیٹسمین کا کہنا ہے کہ میں بطور بیٹسمین یونس خان کو بہت پسند کرتا ہوں اور میری خواہش ہے کہ ان کی طرح پرفارم کروں۔ انہوں نے کہا کہ میرا موازنہ ویرات کوہلی کے ساتھ کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، اس وجہ سے میں پریشر میں نہیں آتا، میرا ہمیشہ ایک ہی مقصد رہتا ہے کہ اپنے کھیل پر توجہ دوں اور اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کروں۔