پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے کھلاڑی پی ایس ایل میں شرکت کے لیے بیتاب ہیں۔ کھلاڑیوں نے اردو میں ٹویٹس کر کے پاکستانی شائقین کے دل جیت لیے۔ ڈیرن سیمی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان میں پی ایس ایل فائیو کا انعقاد پاکستان کے عوام کے لیے بہت معنی خیز ہو گا، میں اپنے پشاور زلمی خاندان میں شامل ہونے کا انتظار نہیں کر سکتا اور پرجوش ہوں کہ ہجوم کے سامنے اچھا کھیل پیش کروں گا۔
لیام ڈوسن نے کہا کہ وہ پی ایس ایل کے لیے تیار ہیں اور جلد آ رہے ہیں، چپلی کباب اور دم پخت کا سن کر منہ میں پانی آ رہا ہے۔ پشاور زلمی نے اب تک اپنے کپتان کا اعلان نہیں کیا ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ ڈیرن سیمی کو ہی کپتان برقرار رکھا جائے گا۔ بقیہ تمام فرنچائزز اپنے کپتانوں کا اعلان کر چکی ہیں۔