بنگلہ دیش کیخلاف پنڈی ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کی کامیابی پر پاکستان ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے بولرز اور بیٹسمینوں نے عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ پنڈی ٹیسٹ میں ریکارڈ ساز ہیٹرک بنانے والے نسیم شاہ کے حوالے سے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم تھا وہ بہت جلد ایک سپر اسٹار بن کر ابھریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نسیم شاہ کی جگہ کسی اور کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کر سکتی تھی لیکن انہیں اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا اور فاسٹ بولر کی فٹنس پر محنت کی گئی۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مینجمنٹ کو کریڈٹ دیتا ہوں جنہوں نے نسیم شاہ پر بھروسہ کیا اور بہتر انداز میں ان کی گرومنگ کی۔
گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے مزید کہا کہ انہیں فخر ہے نسیم شاہ اور محمد حسنین جیسے بولرز ان کی ٹیم میں موجود ہیں۔