ملتان سلطانز کے مشترکہ مالک علی ترین نے اعتراف کیا ہے کہ ان کی ٹیم میں مقامی کھلاڑیوں کی کمی ضرور ہے مگر وہ اس وقت مستقبل کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ ملتان کی یونیورسٹی میں ایک تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی ترین نے کہا کہ ہم مستقبل کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں اس لیے نوجوان کھلاڑیوں کو آگے لا رہے ہیں اور اپنے اسکواڈ سے مطمئن ہوں۔ انھوں نے کہا کہ ٹیم خریدنے کے بعد سے ہی لوگ سوال کر رہے تھے کہ ملتان میں میچز کب ہوں گے، اچھی بات ہے اس بار میچز ہو رہے ہیں لیکن ہوم گراؤنڈ کا فائدہ تب ہی ہو گا جب ہمارے لوگ گراؤنڈ میں آئیں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ بولر محمد عرفان نے کہا کہ پوری پی ایس ایل کے پاکستان میں انعقاد سے دیگر ٹیموں کا راستہ بھی کھلے گا۔ انھوں نے کہا کہ اپنی فٹنس پر بہت کام کیا ہے امید ہے اس پی ایس ایل میں نتائج دیکھنے میں آئیں گے۔