میران شاہ کے بعد مہمند ایجنسی کے کرکٹ شائقین بھی تیار ہو جائیں۔ مہمند ایجنسی کے لوگ اپنے گراؤنڈز میں کرکٹ کے سپر اسٹارز کو کھیلتا دیکھ سکیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور واپڈا کے باہمی اشتراک سے مہمند ایجنسی میں کرکٹ کا نمائشی میچ منعقد کیا جائے گا۔ نمائشی میچ کے انعقاد کا فیصلہ چیئرمین واپڈا اور چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کے مابین ملاقات میں کیا گیا۔ نمائشی میچ میں پاکستانی ٹیم کے نامور کھلاڑیوں کے علاوہ دیگر قومی اور مقامی کرکٹرز حصہ لیں گے۔ میچ کی بدولت پاکستان خصوصاً خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع کا مثبت تشخص اُجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ مارچ میں منعقد ہونے والا یہ میچ مہمند ڈیم پراجیکٹ پر یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریبات کا حصہ ہو گا۔ پی سی بی نے پہلے پاک فوج کے تعاون سے میران شاہ میں میچ کا انعقاد کرایا تھا۔