قومی ٹیم کے سابق اسپنر سعید اجمل پاکستان سپر لیگ کے آئندہ ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ سعید اجمل سے جب پاکستان ٹیم کی کوچنگ کے حوالے سے سوال ہوا تو ان کا کہنا تھا کہ اگر ٹیم کو میری ضرورت ہے تو میں ہمیشہ ٹیم کی خدمت کیلئے دستیاب ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں سعید اجمل نے کہا کہ موجودہ چیف سلیکٹر اور ہیڈکوچ مصباح الحق میرے بہت اچھے دوست ہیں لیکن کبھی بھی ان سے کسی قسم کی سفارش کرنے کو نہیں کہا۔
انہوں نے کہا کہ اگر مصباح الحق سمجھے ہیں میں اپنی صلاحیتوں سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی اسپن بولنگ میں بہتری لا سکتا ہوں تو انہیں میرے بارے میں خود سوچنا چاہیے۔
سعید اجمل نے مزید کہا کہ یہ غلط تاثر ہے کہ پی ایس ایل فائیو میں اسپنرز زیادہ کامیاب ہوں گے، پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے مطابق پچز تیار کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں وہی بولر کامیاب ہو گا جو کنڈیشنز کے مطابق بولنگ کرے گا۔ سعید اجمل نے کہا کہ شاداب خان کو کپتان بنانے کا مقصد ہے کہ اگر مستقل میں انہیں پاکستان ٹیم کی کپتانی کرنے کا موقع ملے تو وہ تیار ہوں۔