پاکستان کے تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ نے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کے گزشتہ سیزن میں مڈل سیکس کی نمائندگی۔ ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ 2019 کے دوران ان کا باؤلنگ ایکشن رپورٹ ہوا تھا جس وجہ سے انہیں باؤلنگ کروانے سے روک دیا گیا تھا۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے لاہور میں قائم آئی سی سی کی منظور شدہ بائیو مکینکس لیب سے ان کا باؤلنگ ٹیسٹ کروانے کی درخواست کی تھی۔ چند روز پہلے محمد حفیظ نے لمز میں قائم بائیو مکینکس لیب میں باؤلنگ ٹیسٹ دیا تھا۔ قومی آل راؤنڈر کے باؤلنگ ٹیسٹ کی رپورٹ آ گئی ہے جس کے مطابق ان کا باؤلنگ ایکشن بالکل درست ہے اور وہ دوبارہ باؤلنگ کروا سکتے ہیں۔ محمد حفیظ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بیٹنگ کے ساتھ باؤلنگ میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا سکیں گے۔ یاد رہے اگر کسی بورڈ کی جانب سے کسی باؤلر کا باؤلنگ ایکشن مشکوک قرار دیا جائے تو وہ انٹرنیشنل میچز یا ایونٹس میں بھی باؤلنگ کروانے کا اہل بھی نہیں ہوتا۔