آسٹریلیا کے جارح مزاج بیٹسمین گلین میکسویل کو دورہ بھارت سے ڈراپ کر دیا گیا تھا جس کے بعد انہیں دورہ ساؤتھ افریقہ کے لیے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا۔ گلین میکسویل کو بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے 9ویں ایڈیشن کے دوران کہنی میں تکلیف کی شکایت تھی جو سنجیدہ نوعیت اختیار کر گئی۔
گلین میکسویل کی تکلیف بڑھنے کی وجہ سے ان کی کہنی کی سرجری کا فیصلہ کیا گیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ دورہ ساؤتھ افریقہ سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔ گلین میکسویل کی جگہ ڈارسی شارٹ کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے طلب کر لیا گیا ہے۔
گلین میکسویل کا کہنا ہے کہ انہیں دورہ ساؤتھ افریقہ سے باہر ہونے کا بہت دکھ ہے، میری نیک خواہشات تمام کھلاڑیوں کے ساتھ ہیں اور میں گھر بیٹھ کر یہ سیریز دیکھوں گا۔ انہوں نے سپورٹ کرنے پر تمام مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔