قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان گزشتہ تین پی ایس ایل سیزنز سے مسلسل کراچی کنگز کی نمائندگی کر رہے ہیں اور اس مرتبہ بھی وہ کراچی کی جانب سے کھیلتے نظر آئیں گے۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹر محمد رضوان نے کہا کہ گزشتہ تین سال سے کراچی کنگز کی نمائندگی کر رہا ہوں اس مرتبہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے کافی محنت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے کراچی کنگز کی مثال ایک فیملی جیسی ہے، جب کراچی کنگز کی جانب سے کھیلتا ہوں تو بہت زیادہ خوشی ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کنگز کی ٹیم اس مرتبہ کافی متوازن ہے اور امید ہے پہلے سے بہتر نتائج آئیں گے۔ وکٹ کیپر نے کہا کہ پی ایس ایل تمام ٹیموں کے لیے ایک مشکل ایونٹ ہوتا ہے، دنیا میں پی ایس ایل اب ایک مشکل ایونٹ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے مایہ ناز کھلاڑی پی ایس ایل میں حصہ لے رہے ہیں اور اس کی بدولت کافی اچھے پلیئرز بھی سامنے آ رہے ہیں جو کہ خوش آئند ہے۔