گزشتہ دنوں قومی اوپنر امام الحق کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں امام الحق نے ایک پرچی سامنے آنے پر خود کی طرف اشارہ کیا تھا۔ پی ایس ایل شروع ہونے والی ہے اور تمام ٹیمیں پریکٹس سیشن اور میڈیا سیشن میں مصروف ہیں تو امام الحق نے پشاور زلمی کے میڈیا سیشن کے دوران اس ویڈیو پر جواب دے ہی دیا۔ اس حوالے سے امام الحق کا کہنا تھا کہ وہ میرا مذاق تھا اور یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، آپ لوگوں کو بھی بخوبی اندازہ ہے کہ پرچی کا مطلب کیا تھا، اب تو میں خود اس ساری صورتحال کو انجوائے کرتا ہوں۔ اوپننگ بیٹسمین نے کہا کہ پشاور زلمی کی جانب سے کھیلتے ہوئے بہت کچھ سیکھنے کو ملا اور یہاں کی مینجمنٹ بھی قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ زلمی نے مجھے ہمیشہ سپورٹ کیا ہے اور میں پاکستان سے کھیلوں یا پشاور زلمی سے میری یہی کوشش ہوتی ہے کہ اپنی اچھی کارکردگی سے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کروں۔