Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
No live scores available
View All Matches

انگلینڈ نے ساؤتھ افریقہ کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دے کر سیریز میں 1-2 سے کامیابی حاصل کر لی۔ ساؤتھ افریقہ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 222 رنز اسکور کیے۔ 223 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جوز بٹلر اور جونی بیئرسٹو نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے میچ میں نصف سنچریاں اسکور کیں۔
اننگز کے آخر میں انگلش ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے 22 گیندوں پر 57 رنز کی اننگز کھیل کر انگلینڈ کی کامیابی میں مرکزی کردار ادا کیا۔ اوئن مورگن نے 21 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کر کے انگلینڈ کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میں تیزترین نصف سنچری کا اپنا ہی ریکارڈ بھی برابر کیا۔
انگلش ٹیم نے انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچز میں اب تک کا چوتھا سب سے بڑا ٹارگٹ کامیابی سے حاصل کیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑے ہدف کا تعاقب کامیابی سے کرنے کا ریکارڈ آسٹریلیا کو حاصل ہے جنہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف 244 رنز کا ہدف عبور کر کے کامیابی حاصل کی تھی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹی ٹوئنٹی میں چار سب سے بڑے ٹارگٹ میں سے 3 ساؤتھ افریقی ٹیم کیخلاف ہی کامیابی سے حاصل ہوئے۔ ویسٹ انڈیز نے 232 رنز کا ہدف عبور کر کے ساؤتھ افریقہ کیخلاف کامیابی سمیٹی تھی۔ انگلینڈ نے پروٹیاز کیخلاف ہی 230 رنز کا ہدف مکمل کیا تھا جبکہ آخری ٹی ٹوئنٹی میں بھی ساؤتھ افریقہ کے خلاف مختصر فارمیٹ کا چوتھا بڑا ہدف عبور ہوا۔