کرکٹ ساؤتھ افریقہ نے آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے اور فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین کو اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ نے ڈیل اسٹین کو اپنی ٹیم میں منتخب کیا تھا لیکن وہ ابتدائی میچوں میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔ ساؤتھ افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 21، دوسرا 23 اور تیسرا 26 فروری کو کھیلا جائے گا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے 27 فروری تک چار میچز شیڈول ہیں اور ڈیل اسٹین کی ان چار میچز میں شرکت کا امکان نہیں ہے۔ اس حوالے سے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا اور نہ ہی ڈیل اسٹین کے متبادل کھلاڑی کا انتخاب کیا گیا ہے۔ یاد رہے ڈیل اسٹین پہلی مرتبہ پی ایس ایل کا حصہ بنیں گے۔