سرفراز احمد کو ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے برطرف کر دیا گیا تھا جس کے بعد شائقین کرکٹ اور کچھ سابق کرکٹرز نے اس فیصلے کو غلط بھی قرار دیا تھا لیکن آل راؤنڈر محمد حفیظ سمجھتے ہیں کہ سرفراز احمد کے ٹیم سے باہر ہونے میں سب سے بڑی غلطی ان کی اپنی ہی ہے۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز احمد کو ان کی ناقص بیٹنگ کارکردگی کی وجہ سے ٹیم سے ڈراپ کیا گیا لیکن ان کی سب سے بڑی غلطی یہ ہے کہ بطورِ کپتان انہوں نے اپنی انفرادی کارکردگی پر توجہ نہیں دی۔ محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد نے گزشتہ دو سال میں خود کو بیٹنگ کا موقع ہی نہیں دیا، وہ کپتان تھے جس نمبر پر چاہتے کھیل سکتے تھے۔ محمد حفیظ نے سرفراز احمد کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ میرے چھوٹے بھائی جیسے ہیں، سرفراز احمد اسی طرح محنت کرتے رہیں اور جب بھی ٹیم میں واپسی کا موقع ملے بطور وکٹ کیپر اور بیٹسمین پرفارم کر کے ٹیم میں اپنی جگہ مستحکم کریں۔