پاکستان سپر لیگ کی دفاعی چیمپئن ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈکوچ نے اپنی ٹیم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ کراچی میں ٹیم کے میڈیا سیشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے معین خان نے کہا کہ ہماری ٹیم بہت اچھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ہر شعبے میں میچ ونرز کھلاڑی موجود ہیں مگر اس کے باوجود ڈرافٹ کے قوانین کے باعث کچھ پلیئرز کو ریلیز کرنے پر افسوس ہے خاص طور پر سہیل تنویر کو جنہوں نے گزشتہ برس شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ نسیم شاہ، محمد حسنین، ٹائمل ملز، جیسن روئے اور شین واٹسن سے متعلق معین خان نے کہا کہ ان کھلاڑیوں نے اپنی پرفارمنس سے ٹیموں کے دلوں میں خوف بٹھایا اور ہم اسی خوف کا جارحانہ استعمال کریں گے۔ اس موقع پر سرفراز احمد بھی بہترین پرفارمنس کے لیے پرجوش نظر آئے۔ انھوں نے کہا کہ لیگ میں اپنے ٹائٹل کے دفاع کیلئے بھرپور کوشش کریں گے۔