فاسٹ بولر نسیم شاہ بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں انجری کا شکار ہو گئے تھے۔ نوجوان فاسٹ بولر پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ایکشن میں نظر آئیں گے لیکن گلیڈی ایٹرز کے ابتدائی دو میچوں میں نسیم شاہ پلئینگ الیون کا حصہ نہیں ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے میڈیکل پینل نے نسیم شاہ کو پسلیوں میں تکلیف کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ نسیم شاہ کو ابتدائی دو میچوں میں آرام دیا جائے جس کے بعد فاسٹ بولر پورے ٹورنامنٹ کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دستیاب ہوں گے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی انتظامیہ نے بھی میڈیکل پینل کی تجویز کو سنجیدہ لیا ہے اور نسیم شاہ کو پریکٹس میچ میں نہیں کھلایا۔ امکان ہے وہ ابتدائی دو میچوں میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پلئینگ الیون کا حصہ نہ ہوں۔
دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینجر اعظم خان کہتے ہیں کہ نسیم شاہ پی ایس ایل میں بولنگ کرنے کیلئے مکمل فٹ ہیں۔