پاکستان کے جارح مزاج بیٹسمین عمر اکمل ایک مرتبہ پھر پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی دکھانے کے خواہاں ہیں۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر اکمل نے کہا کہ پی ایس ایل 2020 میں سنچری بنانا ان کا ہدف ہے لیکن چاہے 50 رنز ہوں یا 100 وہ ٹیم کے کام آنے چاہیئں۔ عمر اکمل کا کہنا تھا کہ ٹیم کو جہاں بھی میری ضرورت ہو گی اپنا کردار بھرپور طریقے سے نبھاؤں گا۔ مڈل آرڈر بیٹسمین نے کہا کہ انہوں نے 70 فیصد کام اپنی صلاحیت پر کیا جبکہ 30 فیصد توجہ اپنی فٹنس پر دی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا مکمل انعقاد پاکستان میں ہونا بڑی کامیابی ہے جس کا کریڈٹ ہمیں ہمارے وزیر اعظم، پی سی بی اور سیکیورٹی اداروں کو دینا چاہیئے۔ ایک سوال کے جواب میں عمر اکمل کا کہنا تھا کہ پاکستان کے چاروں گراؤنڈز ہی میرے پسندیدہ ہیں اور ہر جگہ اچھی پرفارمنس دینا چاہتا ہوں۔