ساؤتھ افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز 21 فروری سے شروع ہو رہی ہے مگر سیریز سے قبل ہی میزبان ٹیم ساؤتھ افریقہ کو دھچکا لگ گیا۔ ساؤتھ افریقہ کے اوپننگ بیٹسمین ٹمبا بووما ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔
ٹمبا بووما انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انجری کا شکار ہوئے تھے جس کے بعد فوری طور پر انہیں ڈریسنگ روم لے جایا گیا تھا اور پھر انہوں نے میچ میں فیلڈنگ بھی نہیں کی تھی۔
انگلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں ٹمبا بووما نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے 153.75 کے اسٹرائیک ریٹ سے 123 رنز اسکور کیے تھے۔
کرکٹ ساؤتھ افریقہ نے ٹمبا بووما کے متبادل کھلاڑی کا اعلان نہیں کیا ہے۔ اوپننگ بیٹسمین اگر دوسرے ٹی ٹوئنٹی سے قبل صحتیاب ہو گئے تو انہیں اتوار کو ہونے والے میچ کے لیے ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔