پاکستان سپر لیگ کے پانچویں سیزن کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کراچی میں منعقد کی گئی جس میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی، فرنچائز مالکان سمیت دیگر لوگ بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے خطاب بھی کیا۔
احسان مانی کے خطاب کے بعد دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے احسان مانی سے درخواست کی کہ مانی صاحب آپ نے اگلے سال پشاور میں میچز کرانے کی بات کی، بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ پر بھی اپنی نظر ثانی کریں۔
انہوں نے کہا کہ وہاں بھی میچز ہونے چاہیئں، وہاں کے شائقین کرکٹ بھی اسٹارز پلئیرز کو اپنے کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔
ندیم عمر نے گزارش کی کہ اگلے سال ہی کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں میچز کے انعقاد کو ممکن بنائیں تا کہ وہاں کے لوگ بھی پی ایس ایل سے لطف اندوز ہو سکیں۔