کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے فکسنگ معاملات پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو سخت تجویز دے دی ہے۔ کراچی کنگز کے کپتان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ٹیم کا کھلاڑی فکسنگ یا بال ٹیمپرنگ جیسے معاملات میں ملوث ہو تو کھلاڑی کے ساتھ کپتان پر بھی پابندی عائد کر دینی چاہیئے شاید اس طرح ایسے معاملات کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے تاہم انھوں نے عمر اکمل کے معاملے پر تبصرے سے گریز کیا۔ عماد وسیم نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر پشاور کے خلاف میدان میں اترنے کے لیے پرجوش ہیں، پشاور کی ٹیم بھی متوازن ہے اس لیے اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ انہوں نے بابر اعظم اور شرجیل خان سے اوپننگ کرانے کا عندیہ دیا اور تین اوپنرز کے ٹیم میں شامل ہونے پر کہا کہ شرجیل خان سے اچھی توقعات ہیں، میری سپورٹ اور دعا ان کے ساتھ ہے، ایلکس ہیلز کے ساتھ میں پہلے بھی کھیلا ہوں، وہ نمبر تین پر بیٹنگ کر سکتے ہیں۔