عمر اکمل کو پی سی بی نے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر گزشتہ روز معطل کر دیا تھا اور اب اس کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق عمر اکمل نے بکیز کی جانب سے پیشکش ہونے اور اسے رپورٹ نہ کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔ پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے عمر اکمل سے پوچھ گچھ کے دوران تمام ثبوت پیش کیے جس پر وہ اعتراف کرنے پر مجبور ہو گئے۔ اینٹی کرپشن یونٹ کے پاس عمر اکمل کی بکیز سے ملاقات اور فون پر گفتگو کے ثبوت بھی موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق موبائل ریکارڈنگ بیٹسمین کے پکڑے جانے میں اہم ذریعہ بنی۔ ذرائع کا ماننا ہے کہ عمر اکمل اس مرتبہ بڑی مشکل میں پھنس گئے ہیں اور اس مشکل سے جلد باہر آنا ان کے لیے ممکن نہیں ہو گا اور یہ کیس ان کا کیرئیر بھی ختم کر سکتا ہے۔