پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے لیے اوپننگ بیٹسمین شان مسعود کو جب ملتان سلطانز کا کپتان مقرر کیا گیا تھا تو اس فیصلے پر کافی سوال اٹھے تھے لیکن شان مسعود نے لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں اس فیصلے کو درست ثابت کر دیا۔ لاہور قلندرز کے خلاف شان مسعود نے مثبت کپتانی کی۔
لاہور قلندرز کے بہترین آغاز کے بعد ملتان سلطانز نے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے والی ٹیم کو صرف 138 رنز تک محدود رکھا۔ ہدف کے تعاقب میں شان مسعود نے 29 گیندوں پر 131 کے اسٹرئیک ریٹ سے 38 رنز اسکور کیے۔ شان مسعود ملتان سلطانز کی جانب سے ٹاپ اسکورر رہے۔
میچ کے بعد شان مسعود نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپنرز نے ملتان سلطانز کی کامیابی میں مرکزی کردار ادا کیا۔ ملتان سلطانز کے کپتان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل فائیو کا بہترین آغاز کیا ہے، کوشش کریں گے کہ آنے والے میچوں میں مزید اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔