پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ جب تک نریندر مودی اقتدار میں ہے اس وقت تک پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ بحال نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ سب لوگوں کو مودی کی ذہنیت کی سمجھ آ گئی ہے جو آپ کو منفی پہلوؤں کی جانب لے کر جاتی ہے۔ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ایک شخص دو ممالک کے تعلقات کو خراب کرنا چاہتا ہے جبکہ دونوں ملکوں کے لوگ اس کے خلاف ہیں۔ یاد رہے پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری سیریز 13-2012 میں کھیلی گئی تھی۔ پاکستان نے ون ڈے سیریز میں 1-2 سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز برابر رہی تھی۔ اس کے علاوہ شاہد آفریدی کا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے حوالے سے کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا پاکستان میں انعقاد بہت بڑا موقع ہے، جب بنگلہ دیش، سری لنکا اور ورلڈ الیون کی ٹیموں نے پاکستان کا دورہ کیا تھا تو مجھے یقین ہو گیا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ واپس آئے گی۔