کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کی ٹیم پر بال ٹیمپرنگ کا الزام لگ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی کے خلاف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے حریف ٹیم پر الزام لگایا کہ پشاور زلمی کے کھلاڑیوں نے گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کیخلاف میچ ریفری کو رپورٹ بھی کر دی۔ کراچی کنگز کیخلاف کامیابی حاصل کرنے کے بعد سرفراز احمد نے پریس کانفرنس میں کہا کہ جو طریقہ کار تھا اس کے مطابق میچ ریفری کو رپورٹ کر دی ہے۔ پشاور زلمی کے خلاف سرفراز احمد اور وہاب ریاض آپس میں لڑ پڑے تھے۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ جو کچھ ہوا وہ میدان تک محدود تھا، میدان میں کوئی دوست نہیں ہوتا، وہاب ریاض اپنی ٹیم کے لیے کھیل رہے تھے اور میں بھی اپنی ٹیم کو جتوانے کیلئے کھیل رہا تھا۔