پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر نے پی ایس ایل کا نیا ترانہ ذاتی حیثیت میں تیار کر لیا ہے لیکن پاکستانی عوام کے لیے اس سے بڑی خوشخبری یہ ہے کہ وہ بھی اس گانے کا حصہ بن سکتے ہیں۔ گزشتہ روز علی ظفر نے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام میں اپنے مداحوں کو خوشخبری سنائی کہ گانا تیار ہو گیا ہے۔
علی ظفر نے کہا کہ گانا میں نے بنایا ہے، اب باری ہے ویڈیو کی اور ویڈیو آپ لوگ بنائیں گے۔ انہوں نے ویڈیو میں ڈانس کر کے دکھایا اور عوام سے گزارش کی کہ وہ اسی طرح کے ڈانس کی ویڈیو اپنے دوستوں یا پھر اکیلے ہی بنا کر مجھے بھیجیں۔
علی ظفر کے مطابق اچھا پرفارم کرنے والے کو آفیشل گانے کا حصہ بنایا جائے گا۔ اپنی اس ویڈیو سے قبل علی ظفر نے سوشل میڈیا پر ایک اور ویڈیو بھی جاری کی تھی جس میں وہ ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے نظر آئے تھے۔